الحمدللہ رب العالمین والصلوٰۃ
والسلام علیٰ سید المرسلین
اما بعد فاعوذ باللہ من الشیطٰن الرجیم بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
المد ینۃ العلمیۃ کا تعارف
دُرُودِ پاک کی فضیلت
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! شیخِ طریقت، امیرِاہلسنت بانئ دعوت ِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ اپنے رسالے ''ضِیائے دُرُود و سلام''میں سرکارِ مدینہ ،راحتِ قلب و سینہ،فیضِ گنجینہ ،صاحبِ معطر پسینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و اٰلہ وسلم کا فرمانِ تقرب نشان نقل فرماتے ہیں : '' بروزِ قیامت لوگوں میں سے میرے قریب تر وہ ہوگا جس نے دنیامیں مجھ پر زیادہ درودِ پاک پڑھے ہوں گے ۔'' ( ترمذی،کتاب الوتر، ج ٢، ص٢٧ )
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! الحمدللہ عزوجل ! اس پر فتن دور میں تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیرسیاسی تحریک''دعوتِ اسلامی'' ساری دنیا میں نیکی کی دعوت عام کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔اس مَدَنی تحریک کی بنیاد آج سے تقریباپچیس سال قبل ١٤٠١ ھ بمطابق1981ء میں باب المدینہ کراچی میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار رضوی قادری دامت برکاتہم العالیہ نے رکھی، میٹھے میٹھے مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی عنایتوں ، صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی برکتوں ، اولیائے عظام رحمۃ اللہ علیہم کی نسبتوں ،علماء ومشائخِ اہلسنّت دامت فیوضہم کی شفقتوں اورامیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ کی شب و روز کوششوں کے نتیجے میں آج ''دعوت ِ اسلامی'' کا مدنی پیغام تادمِ بیان دنیا کے کم وبیش66 ممالک میں پہنچ چکا ہے اور لاکھوں عاشقانِ رسول اس مدنی مقصد کے ساتھ نیکی کی دعوت کو عام کرنے میں مصروف ہیں کہ مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے ،ان شاء اللہ عزوجل۔دعوتِ اسلامی نے لاکھوں مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں کی زندگیوں میں مَدَنی انقلاب برپا کردیاجس کی بدولت وہ فرائض وواجبات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ سر پر سبز سبز عمامے کے تاج اور چہرے پر سنت کے مطابق داڑھی بھی سجالیتے ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک میں کُفار بھی مبلغینِ دعوت ِ اسلامی کے ہاتھوں مُشَرَّف بہ اسلام ہوتے رَہتے ہیں۔دعوت اسلامی کیمدنی بہاریں فیضان سنت جلد اول اور ''دعوتِ اسلامی کی مدنی بہاریں(حصہ اوّل) میں ملاحظہ کی جاسکتی ہیں۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ! آج دعوتِ اسلامی 35سے زائد شعبوں میں سنّتوں کی خدمت کررہی ہے مَثَلاً مساجد کی تعمیرات کے لئے ''مجلس خدام ُالمساجد'' ،مدنی منوں اور مدنی منیوں کے حفظ و ناظرہ کے لئے''مدرِسۃ المدینہ''بالِغان کی تعلیمِ قرآن کے لئے ، ''مدرِسۃُ المدینہ برائے بالِغان''، فتاویٰ کے لئے '' دارُالافتاء اہلسنّت '' ، علماء اور عالمات کی تیاری کے لئے ''جامعۃُالمدینہ'' ، تربیت ِ اِفتاء کے لئے ''تَخَصُّص ِفی الفِقہ'' اور امّت کو درپیش جدید مسائل کے حل کے لئے''مجلسِ تحقیقاتِ شرعیہ'' پیغامِ اعلیٰ حضرت عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن کو عام کرنے اور اصلاحی کتب کی فراہمی کے لئے ''مجلس المدینۃُ العِلْمِیّۃ''، تصانیف وتالیفات کو شرعِی اَغلاط سے مَحفوظ رکھنے کے لئے''مجلسِ تفتیشِ کتب و رَسائل '' ''روحانی علاج کے لئے'' مجلسِ مکتوبات و تعویذاتِ عطاریہ ''، ''ہفتہ واروصوبائی و بین الاقوامی اجتماعات و دیگر مَدَنی کام'' ،مسلمانوں کو باعمل بنانے کے لئے ''مَدَنی انعامات کا تحفہ'' اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کو شش کے لئے دنیا کے کئی ممالک میں ''مَدَنی قافلوں اور ہفتہ وار اجتماعات '' کا مَدَنی جال بچھایا جاچکا ہے۔گونگے، بہرے اورنابینااسلامی بھائیوں کے لیے''مجلس برائے خصوصی اسلامی بھائی'' اور جیلوں میں قیدیوں کی اصلاح کے لئے'' مجلس برائے جیل خانہ جات'' ، اسکول ،کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء،ٹیچرز،پروفیسرزاور اسٹاف کے لیے ''شعبۂ تعلیم''مختلف محکموں کے آفیسرز ،تُجّاراور اہم شخصیات کو نیکی کی دعوت اور دعوتِ اسلامی سے متعارف کرانے کے لیے''مجلسِ رابطہ''،علمائے اہلسنت اور مشائخِ عظام کی بارگاہوں میں دعوتِ اسلامی کی کارکردگی پیش کرنے کے لئے ''مجلسِ رابطہ بالعلماء والمشائخ''امامِ اہلسنت رحمۃ اللہ علیہ ،امیرِ اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ اور دیگر علمائے اہلسنت کی کتب و رسائل کو شائع کر کے دنیا بھر میں عام کرنے کے لیے ''مکتبۃ المدینہ '' اور ان کے تراجم کے لیے'' مجلسِ تراجم''،جامعات المدینہ،مدارس المدینہ اور دیگر اجیروں کے لئے ''اجارہ مجلس '' ،حج و عمرہ پر جانے والوں کے لیے تربیتی اجتماعات کا انعقاد اور ان میں امیرِ اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ کی تصانیف''رفیق الحرمین'' اور ''رفیق المعتمرین ''مفت تقسیم کرنے اور ان کی خیر خواہی اور واپسی پر استقبال کے لیے ''مجلس حج و عمرہ ''،مدنی مراکز فیضانِ مدینہ ،جامعات المدینہ اور مدارس المدینہ ،بین الاقوامی ، صوبائی اجتماعات اور بڑی راتوں(اجتماعِ میلاد،اجتماعِ غوثیہ،شبِ معراج،شبِ برأت،شبِ قدر وغیرہ) کے حفاظتی معاملات کے لئے ''مجلسِ حفاظتی امور''،دعوتِ اسلامی کے اثاثہ جات کے قانونی معاملات کے لئے''مجلسِ قانونی مشاورت''باب المدینہ کراچی اور مدینۃ الاولیائ ملتان کے کثیر رقبے پر قائم''صحرائے مدینہ''کے انتظام و اِنصرام کے لئے ''مجلسِ صحرائے مدینہ''پاکستان میں مختلف مقامات پر قائم تربیت گاہوں کے لئے''مجلسِ مدنی تربیت گاہ'' مدنی قافلہ کورس،مدنی تربیتی کورس ،امامت کورس کیلئے ''مجلس برائے کورسز''دنیا بھر میں مدنی کام کو دیکھنے کے لئے ''مجلسِ بین الاقوامی امور'' اور دنیا کے مختلف ممالک میں مدنی کام کرنے والے مبلغین کی تیاری کے لیے عربی اور انگلش وغیرہ سکھانے کے لیے ''مجلسِ لینگویج کورس''وغیرہ مجالس قائم کر دیں،اس طرح''مختلف سطح کی مشاورتوں '' اورسنتوں کی خدمت کے 35سے زائدشعبوں کو قائم فرما نے کے بعد امیرِ اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے سارا نظام ''مرکزی مجلسِ شوریٰ '' کے سِپُردکر دیا اوران کی کارکردگی پر نظر رکھتے ہیں اور ضرورتاً اصلاح کے مَدَنی پھولوں سے بھی نوازتے ہیں۔ ہیں شَرِیْعَت اور طریقت کی حسیں تصویر جو زُہد و تقویٰ کے نظارے حضرت ِعطّار ہیں۔